کویت اردو نیوز : ایپل واچ میں کار کریش ڈیٹیکشن فیچر نے امریکا میں 5 افراد کی جان بچانے میں کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایپل نے کار حادثے کا پتہ لگانے کا فیچر آئی فون 14 اور ایپل واچ 8 سیریز کے ساتھ ستمبر 2022 میں متعارف کرایا تھا۔
اس فیچر کے لیے ایپل ،ایپل واچ اور آئی فونز میں کئی سینسر لگاتا ہے جو کسی حادثے کی صورت میں ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کرتے ہیں۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان برنارڈینو کے قریب ہائی وے پر ایک کار درخت سے ٹکرا گئی۔
جب ایپل واچ کو کار کے تصادم کا پتہ چلا تو اس نے فوری طور پر اپنی جانب سے ہنگامی خدمات سے رابطہ کیا۔ ایپل واچ سے رابطہ کرنے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
مقامی حکام نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز کو ایپل واچ پر حادثے کا پتہ لگانے والے سافٹ ویئر کے ذریعے الرٹ کیا گیا تھا جو گاڑی میں سوار افراد میں سے ایک کی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی میں 5 افراد پھنس گئے جن میں سے 2 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ دیگر کو مرہم لگانے کے بعد فارغ کردیا گیا۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایپل ڈیوائسز میں اس فیچر نے لوگوں کی جان بچائی ہو۔ اس سے قبل بھی یہ فیچر کئی بار حادثے کے شکار افراد کی جان بچانے میں اپنا کردار ادا کر چکا ہے۔