کویت اردو نیوز : دبئی پولیس نے کہا ہے کہ نئی الیکٹرک گاڑیاں Lotus Eletre R ٹورسٹ پولیس کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "WAM” کے مطابق دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹس گاڑیاں جدید طرز کی ہیں، جنہیں الیکٹرک لگژری گاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ڈائریکٹر ٹورازم پولیس بریگیڈیئر جنرل خلفان الجلاف نے لوٹس کے ریجنل ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ پبلک ریلیشنز اور دیگر سینئر افسران کی موجودگی میں الیکٹرک کار کا افتتاح کیا۔
بریگیڈیئر جنرل خلفان نے اس موقع پر لوٹس کاروں کی خصوصیات کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اس کار میں 905 ہارس پاور کی دو الیکٹرک موٹریں ہیں۔
گاڑی کو ایک بار چارج کرنے پر 600 کلومیٹر تک چلایا جا سکتا ہے۔ دو انجنوں والی سب سے مشہور فور وہیل ڈرائیو کارہے ۔
بریگیڈیئر الجلاف نے مزید کہا کہ دبئی پولیس جنرل کمانڈ نے اپنے گشتی بیڑے میں لگژری الیکٹرک کاریں متعارف کرائی ہیں تاکہ بڑے سیاحتی مقامات جیسے برج خلیفہ، شیخ محمد بن راشد، بلیوارڈ، جی بی آر اور دیگر سیاحتی مقامات پر پولیس کے حفاظتی نظام کو مزید موثر اور بہتر بنایا جا سکے۔
جنرل الجلاف نے کہا کہ ان گاڑیوں کی آمد کے بعد دبئی پولیس سیاحوں کی بہتر خدمت کر سکے گی اور انہیں مختلف معلومات فراہم کر سکے گی جن کی انہیں ضرورت ہے۔