کویت اردو نیوز : صحت وہ دولت ہے جس کے بغیر لمبی زندگی بوجھ بن جاتی ہے۔ جب اچھی صحت کی بات آتی ہے تو لوگ اس قدر الجھن میں پڑ جاتے ہیں کہ ماہرین بھی متضاد رائے رکھتے ہیں۔ تاہم، تمام تر اختلاف کے باوجود، کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کی سائنس نے اچھی صحت کے لیے ٹھوس تصدیق کی ہے۔ تو، جان لیں بہترین ٹپس جن پر عمل کرکے آپ صحت مند رہنے اور مختلف بیماریوں سے دور رہ سکتے ہیں۔
چہل قدمی سے جسم اور دماغ دونوں کو فائدہ ہوتا ہے اور اسی لیے اسے روزانہ کی عادت بننی چاہیے۔ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چہل قدمی مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی ہے، جوڑوں کی بیماریوں کا خطرہ کم کرتی ہے اور صحت مند جسمانی وزن کو برقرار رکھنا آسان بناتی ہے۔
جب آپ کسی سبز جگہ پر باہر وقت گزارتے ہیں تو یہ دماغی کام کو بہتر بناتا ہے، توجہ مرکوز کرنے میں مدد کرتا ہے، سماجی میل جول کو بڑھاتے ہوئے ذہنی بیماری کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
آپ جانتے ہوں گے کہ صحت بخش غذائیں کھانے سے صحت بہتر ہوتی ہے۔لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتا ہے اور مختلف دائمی بیماریوں کا خطرہ کم کرتا ہے؟پھل اور سبزیاں وٹامنز، معدنیات اور دیگر غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہیں جنکی ہمارےجسم کو صحیح طریقےسے کام کرنیکی ضرورت ہوتی ہے۔
ہمارے جسم کا زیادہ تر حصہ پانی پر مبنی ہے اس لیے روزانہ مناسب مقدار میں پانی پینا ضروری ہے۔ پانی پینے سے جوڑوں کو ہائیڈریٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ جسم سے زہریلے مادے نکل جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ مناسب مقدار میں پانی پینا بھی بے وقت بھوک کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنا آسان ہوجاتا ہے۔
دوستوں یا خاندان کے ساتھ وقت گزارنے سے زندگی میں خوشی کا احساس بڑھتا ہے اور ذہنی امراض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
بلاشبہ موجودہ دور میں اسمارٹ فونز یا دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز سے مکمل طور پر دور رہنا ممکن نہیں لیکن ان کے استعمال کو محدود کرنا بھی فائدہ مند ہے۔ اسمارٹ فونز سے دور رہنے سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے، افسردگی اور اضطراب کی علامات کم ہوتی ہیں اور توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اسکرین کے سامنے کم وقت گزارنے سے بھی تناؤ سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔