کویت اردو نیوز : مصر کے الجیزہ کمیشنری میں اسکول کے چوکیدار کو اس کی بیوی نے قتل کردیا۔ ملزمہ کا کہنا تھا کہ وہ سوتن کی تکلیف برداشت نہیں کر سکتی۔
العربیہ نیوز کے مطابق مصر کے الجیزہ کمشنریٹ کے علاقے شیخ زاید کے ایک اسکول سے ایک چوکیدار کی لاش ملی، جس کے گلے میں اسکارف لپٹا ہوا تھا۔
قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ دم گھٹنا بتایا گیا تھا۔
واقعے کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعے کے وقت نہ تو کوئی شخص اسکول کے احاطے میں چوکیدار کے گھر میں داخل ہوا اور نہ ہی کسی نے دروازہ توڑا۔
پولیس نے اپنے شک کا اظہار اسکول کے پرنسپل سے کیا جس کے بعد متاثرہ کی اہلیہ سے تفتیش شروع کی گئی جس نے واقعے کی اطلاع دی تھی۔
دوران تفتیش ملزمہ نے واقعے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا شوہر دوسری شادی کرنے والا تھا۔ ملزمہ کا مزید کہنا تھا کہ اس نے اسے دوسری شادی کرنے سے روکنے کی کوشش کی اور سمجھایا لیکن وہ باز نہ آیا جس سے اس کی زندگی کا خاتمہ کر دیا کہ میں سوتن کو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی۔
ملزمہ نے شک سے بچنے کے لیے خود ہی پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔