کویت اردو نیوز : حرمین شریفین افیئرز اتھارٹی نے ہجوم کو کنٹرول کرنے اور مسجد الحرام میں مختلف امور میں معاونت کے لیے 500 سرکاری ملازمین کی خدمات حاصل کی ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی "ایس پی اے” کے مطابق مذکورہ اہلکار مسجد حرام کے داخلی دروازوں اور صحنوں میں عازمین کو منظم کرنے میں مدد کریں گے اور مسجد حرام میں سیکیورٹی وسائل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
اردو، انگریزی، فارسی، ترکی اور دیگر زبانوں پر عبور رکھنے والے اہلکاروں کو مسجد الحرام میں پرہجوم مقامات پر تعینات کیا جائے گا تاکہ زائرین کی رہنمائی میں آسانی ہو۔
سول حکام حجاج کرام کو درپیش مسائل کو حل کریں گے اور عازمین کو ان کی مطلوبہ منزل تک پہنچنے میں رہنمائی کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مسجد الحرام کے دروازوں کے نگران سیف السلمی نے کہا ہے کہ پانی کے کین اور بڑے بیگ لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ زائرین قواعد پر عمل کریں تاکہ دیگر عمرہ زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عاجل نیوز کے مطابق السلمی نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ کے پیش نظر عمرہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔