متحدہ عرب امارات : اب ٹریفک جرمانے قسطوں پر اپنے ہی فون سے ادا کرنے کی سہولت دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے شہریوں کو اسمارٹ فونز پر پولیس کی سمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے قسطوں میں ٹریفک جرمانے کی ادائیگی میں سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔
انتظامی امور کے چیف اسسٹنٹ کمانڈر انچیف میجر جنرل السالال سعید بن ہویدی الفالسی کے مطابق 100 فیصد خودکار اسمارٹ سروس صارفین کو اپنے ٹریفک جرمانوں کی قسطوں میں ادائیگی کرنے کی اجازت دے گی نیز سروس چوبیس گھنٹے دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے سنٹرل بینک اور دبئی اسلامک بینک کے اشتراک اٹھایا گیا ہے۔
میجر جنرل الفالسی نے ایک بیان میں کہا کہ "صارفین کو خوشی فراہم کرنے کے لئے دبئی حکومت کی حکمت عملی کے مطابق سمارٹ سروس کا آغاز کیا گیا ہے جس کے بعد ڈرائیور حضرات بینک کے توسط سے اپنا جرمانہ ادا کرسکتے ہیں جس کے لئے بینک کوئی سود نہیں لے گا بلکہ وقتا فوقتا مختص کی گئی مدت کے دوران قسطوں کو ادائیگی کے قابل بنائے گا۔
دبئی پولیس میں ٹریفک جرمانے وصولی سیکشن کے ڈائریکٹر کیپٹن حسین الع عبدولی نے کہا کہ صارفین ٹریفک جرمانے کی ادائیگی کے لئے ایپلیکیشن میں لاگ ان کرسکتے ہیں اور قسط کا آپشن منتخب کرسکتے ہیں۔کسٹمر کو شرائط پر متفق ہونے اور مطلوبہ ذاتی تفصیلات کے ساتھ ایک فارم پُر کرنا ہوگا۔ فارم پُر کرنے اور بھیجے جانے کے بعد یہ درخواست منظوری کے لئے مرکزی بینک تک پہنچ جاتی ہے۔ قسط کی رقم ہر ماہ کے حساب سے صارف کے بینک اکاؤنٹ سے کٹوتی کی جاتی ہے۔