کویت اردو نیوز : سعودی وزارت اسلامی امور نے رمضان المبارک کے دوران مساجد کے لیے قواعد و ضوابط جاری کر دئے ہیں۔
وزارت کیجانب سے جاری کردہ ضوابط میں مؤذن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رمضان المبارک میں عشاء کی اذان ام القری کیلنڈر کے اوقات کے مطابق دیں اور فجر اور عشاء کی اذان اور اقامت کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ دیں۔ نمازیوں کی سہولت کے لیےباقی نمازیں پہلے سے طے شدہ وقت پر ادا کی جائیں گی۔
وزارت کی جانب سے مساجد کے اماموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تراویح کے دوران لوگوں کا خیال رکھیں اور آخری دس دنوں میں تہجد کی نماز جلد ادا کریں تاکہ سحری کیلیےکافی وقت ہو۔
وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں لگے کیمروں سے امام یا نمازیوں کی تصویریں نہ لگائی جائیں اور نماز کی ریکارڈنگ کسی بھی میڈیا پر نشر نہ کی جائے۔
وزارت نے مساجد کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی پر زور دیا اور خواتین کی مساجد کی تیاری کا بھی حکم دیا۔ وزارت کی تعلیمات کے مطابق مسجد میں اعتکاف کی اجازت دینا مسجد کے امام کا استحقاق ہوگا۔
وزارت نے رمضان المبارک کے دوران مساجد میں عطیات جمع کرنے اور مسجد کے اندر افطاری کے اہتمام پر پابندی عائد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ افطاری میزیں مساجد سے ملحقہ مخصوص جگہوں پر لگائی جائیں تاکہ مساجد کی صفائی متاثر نہ ہو۔
اس کے علاوہ ائمہ کو رمضان میں فرض نمازوں کے بعد روزے کے احکام و آداب اور رمضان کے فضائل کے بارے میں بھی سکھانے کی تلقین کی گئی ہے۔