کویت اردو نیوز : سعودی وزارت سیاحت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 357 ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کو اجازت نامے کے حصول سے قبل رہائش کی سہولیات فراہم کرنے پر سیل کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مانیٹرنگ ٹیموں نے مکہ مکرمہ میں 3500 معائنہ کے دورے کیے جن میں 1650 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ 298 ہوٹلوں کو بغیر اجازت رہائش کی سہولیات فراہم کرنے پر سیل کیا گیا۔
وزارت سیاحت کی نگران ٹیموں نے تحقیقاتی مہم کے دوران خلاف ورزی کے مرتکب ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
دوسری جانب مدینہ منورہ میں وزارت سیاحت کی ٹیموں کی جانب سے 2 ہزار 200 تحقیقاتی دورے کیے گئے جس کے دوران ایک ہزار خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا جب کہ 59 ہوٹلوں کو سیل کیا گیا۔
وزارت نے رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری اجازت نامے حاصل کرنے پر زور دیا۔
وزارت سیاحت نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ، ہوٹل سیل یا دونوں ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزارت سیاحت کی جانب سے مقدس مقامات کے ہوٹلوں کے تحقیقاتی دورے عمرہ زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔