کویت اردو نیوز : ماہرین نے ٹی وی کے سامنے زیادہ وقت گزارنے کے نقصانات پر تحقیق کے نتائج جاری کردئیے ۔
تفصیلات کے مطابق ماہرین کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ دن میں 5 گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت ٹی وی کے سامنے گزارتے ہیں یا مختلف ڈیوائسزپرویڈیوزدیکھتےہیں، انکو رات میں کئی بار ٹوائلٹ جاناپڑتاہے، اس عارضے کومیڈیکل کی زبان میں نوکٹوریا کہتے ہیں۔
تحقیق میں شامل تقریباً ایک تہائی لوگوں نے نوکٹوریا کی شکایت کی جس کی وجہ سے انہیں رات میں 2 یا اس سے زیادہ بار بیت الخلا جانا پڑتا تھا۔ ماہرین کی تحقیق میں 20 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 13 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
محققین نے مزید کہا کہ مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دن میں زیادہ وقت ٹی وی دیکھنے یا ویڈیوز دیکھنے میں گزارنے سے نوکٹوریا میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات میں ایک بار بیت الخلا کے لیے جاگنا تشویش کا باعث نہیں ہے۔ لیکن اگر ایسا کئی بار ہوتا ہے تو نیند متاثر ہوتی ہے جس کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں محققین کے مطابق جو لوگ دن میں کئی گھنٹے اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں ان میں ٹائپ ٹوذیابیطس ہونیکا خطرہ بڑھ جاتاہے۔