کویت اردو نیوز : کیا آپ کینسر، ہارٹ اٹیک اور دیگر سنگین بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو اس کیلیے روزانہ ایک سیب کھانے کی عادت بنائیں۔
یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ انہوئی میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ فلیونولز نامی کیمیائی مرکبات پر مشتمل غذاؤں کا استعمال کئی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
یہ کیمیائی مرکبات اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے بھرے ہوتے ہیں اور سیب، کافی ، ٹماٹر اور پیاز جیسی غذاؤں میں پائے جاتے ہیں۔
اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ یہ لوگ اپنی خوراک کے ذریعے روزانہ کتنے فلاوونولز استعمال کر رہے ہیں اور اس سے ان کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں تقریباً 12000 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ان افراد کی صحت کا 8 سال تک جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ فلیونولز سے بھرپور غذائیں کھاتے ہیں ان میں کینسر، امراض قلب سمیت دیگر کئی بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
محققین کیمطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ زیادہ مقدار میں پھل اور سبزیاں کھانا طویل مدتی صحت کیلیے فائدہ مند ہے۔
ماہرین نے پایا کہ کینسر سے مرنے کا خطرہ 50 فیصد کم ہوگیا ، دل کی بیماری سے مرنے کا خطرہ 33 فی صد کم ہوا، اور الزائمر کی بیماری میں مبتلا ہونے کا خطرہ 25 فی صد کم ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی تحقیقی رپورٹس سے بھی ثابت ہوا ہے کہ فلیونولز کا استعمال بہت سی بیماریوں اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیمیائی مرکبات سیب، پیاز، کافی، چاکلیٹ اور سبز پتوں والی سبزیوں ،انگور، بیر، کالی چائے، میں وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔