کویت اردو نیوز : عمرہ زائرین کے لیئے خصوصی تسبیح متعارف کروا دی گئی ۔
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئرلائن نے دنیا کی پہلی جراثیم سے بالکل پاک تسبیح متعارف کرا دی ہے۔
یہ موتیوں کے ساتھ پہلی تسبیح ہے جو دوہرا کام انجام دیتی ہے۔تسبیح نہ صرف روحانی عمل کو انجام دیتی ہے بلکہ ہاتھوں کو بھی صاف کرتی ہے۔
سعودی ایئرلائنز کے سرکاری ترجمان کے مطابق ماہ صیام میں حجاز مقدس کی زیارت کے لیے بڑی تعداد میں عازمین حج آتے ہیں۔
تسبیح کو جراثیم سے پاک کرنے سے مہمان مسافروں کے لیے اپنے روحانی سفر کے دوران نماز ادا کرنا آسان ہو جائے گا اور یہ تسبیح سعودی ایئر لائنز میں سوار مسافروں کو دستیاب ہو گی۔
اس تسبیح کی تیاری میں ٹی ٹری آئل کو جراثیم کش کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
سعودی ایئر لائنز کے نائب صدر عصام اخنبے کے مطابق ٹی ٹری آئل جراثیم کی ایک وسیع رینج کے خلاف انتہائی موثر ہے اور سعودی ایئر لائنز کو ایک منفرد پروڈکٹ پیش کرنے پر فخر ہے۔