کویت اردو نیوز : سعودی فلکیات کے ادارے کے سربراہ نے پہلے روزے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے ۔
سعودی فلکیات کے ادارے کے سربراہ شرف السفیانی نے بتایا ہےکہ ماہ رمضان کے چاند کی پیدائش 10 مارچ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے ہوجائے گی اور سعودی عرب میں پہلا روزہ 11 مارچ کو ہوگا۔
شرف السفیانی کے مطابق اتوار کا سورج مکہ کے وقت کے مطابق شام 6 بج کر 27 منٹ پر غروب ہوگا جب کہ رمضان کا چاند 13 منٹ تک افق پر رہے گا۔
اس نقطہ نظر سے اتوار کو رمضان المبارک کا چاند دیکھا جا سکتا ہے۔ اس طرح پہلا روزہ 11 مارچ بروز پیر کو ہوگا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ محض فلکیاتی حساب ہے تاہم ماہ رمضان کے چاند کا ثبوت سپریم کورٹ میں گواہی جمع کروا کر ہی فراہم کیا جائے گا۔
دوسری جانب مصر میں فلکیات کے انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ جاد القاضی نے بتایا ہےکہ رمضان المبارک 2024 ء کا مہینہ پیر سے شروع ہوجائے گا جب کہ روزے کا مہینہ 30 دن کا ہوگا۔
العربیہ چینل کے مطابق انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ چاند کی پیدائش مصر کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے ہو جائے گی اور چاند غروب آفتاب کے بعد 13 سےلےکر15 منٹ تک افق پرموجودرہے گا۔