کویت اردو نیوز : سانیا سے بیجنگ جانے والی چینی ڈومیسٹک پرواز ایک مسافر کی وجہ سے گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئی۔
پرواز کو صبح 10 بجے روانہ ہونا تھا لیکن روانگی دوپہر 2 بجے کے بعد ہوئی کیوں کہ ایک مسافر نے طیارے کے انجن میں کئی سکے پھینک دئیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک چینی پرواز میں اس وقت تاخیر ہوئی جب ایک مسافر طیارے کے انجن میں سکے پھینکتے ہوئے پکڑا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایک فلائٹ اٹینڈنٹ نے ایک مسافر سے سوال کیا جو سکے پھینک رہا تھا۔ مسافر نے، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، کہا کہ اس نے ایسا قسمت کے لیے کیا ہے ۔
مسافر کے اس رویے کی وجہ سے تمام مسافروں کو طویل انتظار کرنا پڑا، کیوں کہ اس واقعے کے بعد معائنہ کرنے والے عملے کی جانب سے طیارے کا بغور جائزہ لیا گیا جس میں انجن کے اندر سکے پائے گئے، جس کی جانچ میں 4 گھنٹے لگے۔
اس واقعے پر چائنا سدرن ایئر لائنز کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا، جس نے اس طرح کے نامناسب رویے کی شدید مذمت کی۔