کویت اردو نیوز : سکاٹ لینڈ میں پاکستانی نژاد 13 سالہ لڑکے کو نامعلوم شخص نے چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا ہے ۔
متاثرہ بچہ ، جس نے ٹوپی پہن رکھی تھی، خون میں لت پت تھا اور اسے پولیس مقامی ہسپتال لے گئی۔پولیس کے مطابق بچے کی حالت تشویشناک لیکن مستحکم ہے۔
برطانوی اخبار ’دی مرر‘ کے مطابق بچے پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ گلاسگو کے کوئینز پارک میں واقع مسجد سے گھر جا رہا تھا۔
متاثرہ خاندان کی ایک دوست، علیشا اینٹیومبا نے کہا کہ پولیس پارک میں تعینات نگرانی کے کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پھیپھڑے میں گہرا زخم ہے۔ ایک خاندان نے اسے خون میں لت پت پایا اور پولیس اور ایمبولینس کو بلایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچہ ہسپتال میں ہے جہاں اس کی کئی سرجریاں کی جائیں گی۔ وہ شدید درد اور صدمے سے دوچار ہے۔
علیشا نے کہا، "بچہ شدید زخمی ہوا، کیونکہ اس کی کمر اور اس کا پورا جسم کسی تیز دھار چیز سے کٹنے کے نتیجے میں زخمی ہوا تھا۔”
پولیس کے ترجمان سارجنٹ اسٹیفن پامر نے کہا کہ فورس حملے کی تفصیلات سے پردہ اٹھانے کے لیے "وسیع تحقیقات” کر رہی ہے۔ "افسران آس پاس کے علاقے سے نگرانی کے کیمرے کی فوٹیج اکٹھا کر رہے ہیں، اور گھر گھر چھان بین بھی کر رہے ہیں۔”