کویت اردو نیوز : حرمین افیئرز کے ذرائع نے سوشل میڈیا پر پھٹے ہوئے غلاف کعبہ سے متعلق وائرل ہونے والی ویڈیو کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو نئی نہیں ہے بلکہ یہ گزشتہ سال کعبہ کی تبدیلی کے دوران بنائی گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو میں دکھائے جانے والے مناظر کعبہ کے رکن یمانی کے مقام کے ہیں جہاں غلاف کے کچھ ٹکڑے زمین پر پڑے ہوئے نظر آرہے ہیں جبکہ غلاف کی رسیاں کھلی ہوئی ہیں۔
ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رواں رمضان المبارک کے دوران کچھ عمرہ زائرین خانہ کعبہ کے غلاف کو اس کے ٹکڑے رکھنے کے لیے کاٹ دیتے ہیں۔
سبق نیوز نے ادارہ حرمین افیئرز کے ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور اس میں بیان کردہ واقعہ غلط ہے۔
ذرائع نے ان باتوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں دکھائے جانے والے مناظر گزشتہ سال کے ہیں جب غلاف کعبہ کو تبدیل کیا جاتا ہے، اس موقع پر غلاف کی رسیاں کاٹی جاتی ہیں۔