کویت اردو نیوز 19 دسمبر: کویت کا ایک ریستوران جس میں مفت کھانا پیش کیا جاتا ہے، رہائشیوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
"ان تمام لوگوں کے لئے کھانا مفت ہے جو اس کی قیمت ادا نہیں کرسکتے ہیں” یہ الفاظ کویت کے ایک ریستوران کے باہر لکھے ہوئے ہیں جو کویت کے انسان دوست پہلو کی عکاسی کرتے ہیں۔ روزنامہ القبس کی خبر کے مطابق ریستوران کے مالکان جن میں سے ایک کویتی شہری جبکہ دوسرا ایک غیر ملکی ہے نے لاک ڈاؤن ختم ہونے اور زندگی معمول پر آنے کے بعد بھی ضرورت مندوں کو مفت کھانا تقسیم کرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریستوران کے مالکان کویتی شہری اور اس کے غیر ملکی پارٹنر نے COVID-19 بحران کے دوران ملک میں عائد کردہ مکمل اور جزوی لاک ڈاؤن میں بھی ضرورت مندوں کو مفت کھانا تقسیم کیا تھا لیکن چونکہ خیرات کرنے سے رزق کبھی کم نہیں ہوتا اور نیکی کرنا ایک خوبی ہے ان دونوں نے یہ اقدام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ریستوران نہ صرف مساکین کو ادائیگی سے استثنیٰ دیتا ہے بلکہ ان لوگوں کے گھروں تک کھانا بھی فراہم کرتا ہے جو کسی بھی وجہ سے ریستوران تک نہیں پہنچ پاتے ہیں۔