کویت اردو نیوز : گلاب کے پانی، ٹھنڈے دودھ، خشک میوہ جات , گلاب کی پتیوں کے امتزاج سے بنائے جانے والے ‘محبت کے شربت’ کا نام ہم اکثر سنتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی نفرت کے شربت کے بارے میں سنا ہے ؟
نئی دہلی میں شربت فروشوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس مشروب کا نام ‘نفرت کا شربت’ رکھنے کا خیال اس لیے آیا کیونکہ ‘جہاں محبت ہوتی ہے وہاں نفرت بھی ہوتی ہے۔’
نفرت کا شربت ہندوستان میں ایک منفرد مشروب ہے جو بہت سے ذائقوں اور تازگی کی علامت ہے۔ محبت کے شربت کی طرح نفرت کا شربت بھی نئی دہلی کی جامع مسجد کی گلیوں سے مشہور ہواہے۔
نفرت کے شربت میں 500 ملی لیٹر ٹھنڈا دودھ، خشک میوہ حسب ضرورت ، دو چمچ ونیلا ایسنس، اڑھائی چمچ چینی، دو قطرے فوڈ کلرنگ اور ایک کٹا ہوا سیب بغیر چھلکے کی ضرورت ہوتی ہے ۔اس شربت میں فوڈ کلر کے علاوہ زعفران بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ بہتر ذائقہ کے لیے خشک میوہ جات کو بھگو کر ان کے پیسٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
اس شربت کو بنانے کے لیے ایک پیالے میں دودھ اور چینی ملا لیں۔ پھر اس دودھ میں ونیلا، فوڈ کلر ، چینی کا مکسچر ڈال کر اچھی طرح ہلائیں۔جب یہ تمام چیزیں اچھی طرح مکس ہوجائیں تو سیب کو چھیل کر رگڑیں۔ اس کے بعد دودھ میں سیب ڈالیں اور مکس کرنے کے بعد آئس کیوبز ڈالیں۔ آخر میں ڈرائی فروٹ ڈالیں اور پھر لیموں کا رس ڈال کر سرو کریں۔