کویت اردو نیوز : گرم موسم، تناؤ ،ورزش، مصالہ دار کھانااور دیگر بہت سی وجوہات پسینہ آنے کا سبب بنتی ہیں۔ جب موسم گرم ہوتا ہے تو ہر ایک کو پسینہ آتا ہے کیونکہ یہ جسم کے خود کو ٹھنڈا کرنے کے نظام کا حصہ ہے۔
زیادہ تر لوگوں کے لیے گرم موسم میں پسینہ آنا ایک ناخوش گوار تجربہ ہے جو کپڑے کو بھگو دیتا ہے اور جسم سے بدبو کا باعث بنتا ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے علاوہ پسینہ آنے سے صحت کے کچھ حیران کن فوائد بھی ہوتے ہیں۔
جی ہاں، پسینہ واقعی ہماری صحت پر ایسے حیرت انگیز اثرات مرتب کرتا ہے جس کا آپ نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔
پسینے کا بنیادی مقصد جسم کے درجہ حرارت کو نارمل رکھنا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بعض زہریلے مادوں کو نکال کر جسم کو صاف بھی کرتا ہے۔ مختلف مادے جیسے نمک، کولیسٹرول اور الکحل جسم سے پسینے کے ذریعے خارج ہوتے ہیں جو جسم کے نظام کو صاف کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
پسینے میں جراثیم کش خصوصیات ہوتی ہیں جو کہ بیکٹیریا اور وائرس کے خلاف موثر ہوتی ہیں۔ تحقیقی رپورٹس بتاتی ہیں کہ پسینہ ہمارے مدافعتی نظام کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، پسینہ جلد کی سطح پر نقصان دہ بیکٹیریا سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔
پسینہ کا براہ راست اثر ہماری جلد کی صحت پر پڑتا ہے۔ پسینہ جسم سے گندگی، تیل اور دیگر مواد کو ہٹاتا ہے، جس سے کیل مہاسوں کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔ اسی طرح پسینے سے نکلنے والی قدرتی نمی جلد کی لچک اور ٹون کو بہتر بناتی ہے اور اسے چمکدار بناتی ہے۔
جسمانی سرگرمی سے پسینہ پیدا ہوتا ہے اور جسم میں اینڈورفنز نامی ہارمونز خارج ہوتے ہیں۔ یہ ہارمونز خوشی کے احساس کو بڑھاتے ہیں جس سے تناؤ کم ہوتا ہے۔ پسینہ آنے سے جسمانی سکون کا احساس بھی بڑھتا ہے، جو اضطراب سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔