کویت اردو نیوز : عالمی سطح پر اسمارٹ فونز کی فروخت کے ڈیٹا پر نظر رکھنے والی کمپنی آئی ڈی سی کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ 2024 کے دوران آئی فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 10 فیصد کمی واقع ہوئی۔
آئی فونز دنیا بھر میں بہت مقبول ہیں لیکن اب لوگوں کی دلچسپی ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ درحقیقت، عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ پر ایپل کی گرفت 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران نمایاں طور پر کمزور ہوئی ہے۔
اس کمی کی بدولت سام سنگ نے ایک بار پھر سے اس سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران دنیابھرمیں سب سے زیادہ فون فروخت کرنیوالی کمپنی کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اس عرصے کے دوران اسمارٹ فون کی فروخت میں گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 7.8 فیصد اضافہ ہوا اور 280 ملین سے زیادہ فون فروخت ہوئے۔
اس سے قبل 2023 میں ایپل نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ لیکن 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران، چین میں آئی فونز کی مانگ میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
چین ایپل کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے لیکن امریکا کی جانب سے چینی ایپس کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات پر چینی حکومت امریکی مصنوعات کے خلاف اقدامات کررہی ہے۔دوسری جانب اینڈرائیڈ فونز بنانےوالی کمپنیوں کی ڈیوائسزکی مانگ میں اضافہ دیکھنےمیں آیا۔