کویت اردو نیوز : اردن کےدارالحکومت عمان میں پرنس حمزہ اسپتال کےنیورو سرجری کے شعبہ میں اردنی ڈاکٹرز نےبغیرجنرل اینستھیزیا کے 20 سالہ مریض کادماغی رسولی ہٹانےکا آپریشن کیا۔ بےہوشی کےبغیرکسی مریض پر دماغی رسولی کی سرجری اردن میں اپنی نوعیت کی پہلی سرجری ہے۔
آپریشن کے درمیان مریض اپنے اہل خانہ کے ساتھ ویڈیو کال کر رہا تھا تاکہ گھر والوں کی طرف سے اس کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
ہسپتال کے نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد طروانہ نے بتایا کہ آپریشن میں 6 گھنٹے لگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریض پوری طرح جاگ رہا تھا اور اسے اکثر چھینکیں آ رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مریض کو بیدار رکھنے کا مقصد اسے آپریشن کے دوران بعض کام کرنے کی ہدایت دینا ہے تاکہ ٹیومر کی جگہ کے قریب حساس افعال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
طروانہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان آپریشنز کا مقصد مریض کو بیدار اور میڈیکل ٹیم کے ساتھ تعاون کرنے کے قابل بنانا ہے۔ برین ٹیومر کو ہٹانے کے دوران اس کے ساتھ مسلسل بات چیت کریں تاکہ اسے بولنے یا زبان کی سمجھ میں کمی جیسی پیچیدگیوں کا سامنا نہ ہو۔