مکہ مکرمہ: مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی ذمہ دار جنرل اتھارٹی برائے امورِ حرمین نے بارش کے دوران عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے اہم سیفٹی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، ان ہدایات کا مقصد زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانا اور عبادات کے دوران کسی بھی قسم کے حادثات سے بچاؤ ہے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ نے زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران خصوصی احتیاط برتیں اور درج ذیل اقدامات پر عمل کریں:
- صرف محفوظ اور خشک علاقوں میں رہیں
- چھتری کا استعمال لازمی کریں
- موسمی الرٹس کو فالو کریں
- حکام کی ہدایات پر عمل کریں
- آسمانی بجلی کی صورت میں موبائل فون بند کر دیں
انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ اگر زائرین کو کسی بھی قسم کی معلومات یا مدد درکار ہو تو وہ ہیلپ لائن 1966 پر کال کر کے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
بارش کے دوران ہنگامی پلان فعال کر دیا گیا
جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران مسجد الحرام میں ہنگامی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا جاتا ہے جس میں صفائی، پانی کے نکاس اور زائرین کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات شامل ہوتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہماری اولین ترجیح زائرین کی حفاظت اور سہولت ہے۔ اس لیے تمام محکمے مل کر ایسے موسم میں عبادات کو محفوظ اور آسان بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔”
جی سی سی شہریوں کے لیے خوشخبری: اب اسٹاپ اوور ویزا پر عمرہ ممکن
ادھر سعودی حکومت نے خلیجی ممالک (GCC) کے شہریوں کے لیے ایک خوشخبری کا اعلان کیا ہے۔ اگر آپ کسی بین الاقوامی سفر کے دوران سعودی عرب میں اسٹاپ اوور کر رہے ہیں، تو اب آپ مفت اسٹاپ اوور ویزا کے تحت عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔
یہ ویزا صرف ان افراد کو دستیاب ہے جو اپنی فلائٹ سعودیہ ایئرلائنز یا فلائین کے ذریعے بُک کرتے ہیں۔ ویزا کے ذریعے مسافروں کو 96 گھنٹے (4 دن) تک سعودی عرب میں رہنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
عمرہ اور بین الاقوامی سفر ایک ساتھ ممکن
سعودی اسٹاپ اوور ویزا نہ صرف بین الاقوامی مسافروں کو سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں روحانی لحاظ سے فائدہ اٹھانے کا بھی موقع دیتا ہے۔ اس ویزا کے ذریعے مسافر مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مدینہ منورہ کی زیارت کا شرف بھی حاصل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کے قیام کا وقت اجازت دے۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے تمام عمرہ زائرین، نمازیوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی شدت کے دوران تمام حفاظتی تدابیر کو سنجیدگی سے لیں اور انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ تمام ہدایات پر عمل کریں تاکہ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کے لیے بھی آسانی پیدا کریں۔


















