کویت اردو نیوز 04 جنوری: مخصوص اوقات میں کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہوائی آپریشن پر پابندی ہو گی۔
روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا کہ صحت کے حکام کی ہدایت پر کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ رات 8 بجے سے صبح 4 بجے تک مسافروں کو کویت لانے یا بیرونِ ملک لے جانے کے لئے کوئی تجارتی پرواز نہیں چلائے گا۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کام کرنے والی ایئر لائنز کے لئے روانگی اور آمد والی پروازوں کے نظام الاوقات صبح 4 بجے کے بعد شروع ہوں گے اور رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 8 گھنٹے کا وقت طبی عملے کے آرام کے لئے وقف کیا گیاہے۔ عملہ 24 گھٹے کام نہیں کرسکتا کیونکہ بغیر وقفے کے مسلسل آنے والے مسافروں کی جانچ مشکل کام ہے۔
ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ ائیر کارگو کی پروازیں درآمد شدہ سامان کی نقل و حمل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ عمل بغیر کسی پابندی کے جاری رہے گا نیز ائیر پورٹ کی دکانوں کا عملہ اور لاجسٹک کاروائیاں بغیر رکے اپنے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔