کویت اردو نیوز 12 جنوری: وزارت عامہ کے انڈر سیکرٹری انجینئر اسماعیل الفیلکاوی نے نیو ائیرپورٹ پروجیکٹ کا دورہ کیا اور کام کی تکمیل کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ اتوار کے روز وزارت عامہ کے انڈر سیکرٹری انجینئر اسماعیل الفیلکاوی نے وزارت خزانہ ، فتویٰ اور قانون سازی کے متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں اور سول ایوی ایشن کی جنرل انتظامیہ کے ہمراہ کویت کے نئے ہوائی اڈے کے پروجیکٹ کا معائنہ کیا اور تکمیل اور کام کا جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام کے نمائندوں نے اسٹریٹجک منصوبے پر کام کی رفتار کو بروقت مکمل کرنے کی منظوری بھی دی۔
الفیلکاوی نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ اس منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ فریقین پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس کی ذمہ داری دستاویزی کام کو کم کرنا اور اس میں ہونے والے طریقہ کار پر غور کرنا ہے نیز منصوبے کی تکمیل کے دوران رکاوٹوں اور مشکلات پر قابو پانے اور حل تلاش کرنا بھی ٹیم کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے پر کام جاری ہے اور پروجیکٹ پر کام کورونا بحران کے باوجود بھی نہیں رکا ہے۔
کویت کے نئے ہوائی اڈے کا پروجیکٹ "نیو کویت 2035” کے ترقیاتی منصوبے کی حکمت عملی کی ایک کڑی ہے جو مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کی زندگی میں شروع کیا گیا تھا۔