کویت اردو نیوز 19 جنوری: رہائشی اقامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد تفتیش مہم کی عدم موجودگی کے سبب 180،000 تک بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں رہائشی اقامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد ایک ریکارڈ تعداد بن چکی ہے کیونکہ یہ تعداد 180،000 تک جا پہنچی ہے۔ روزنامہ الرای کے مطابق غیر قانونی رہائشیوں کی تعداد میں 38 فیصد اضافہ ہوا ہے جو اب سے پانچ ماہ قبل کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے جس کی سب سے بڑی وجہ تفتیش مہموں کی عدم موجودگی ہے۔
اگرچہ وزارت داخلہ نے غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افراد کو رہائشی اقامہ کی حیثیت میں ترمیم کے لئے لگاتار ڈیڈ لائن مہیا کی تھی لیکن ان میں سے بہت کم لوگوں نے وزارت کی طرف سے جاری کردہ ڈیڈ لائن کا فائدہ اٹھایا اور جرمانے ادا کرکے یا ملک چھوڑ کر اپنی حیثیت میں ترمیم کی۔
وزارت داخلہ نے رہائشی اقاموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک سے زیادہ بار مواقع مہیا کئے تاکہ وہ اپنی حیثیت میں ترمیم کرلیں لیکن آخری رعایتی مدت میں صرف 2,500 خلاف ورزی کرنے والوں نے ہی فائدہ اٹھایا ہے۔
رہائشی اقامہ کی حیثیت میں ترمیم کرنے کی آخری تاریخ 31 جنوری ہے اور اس مہینے کے آخر تک صرف 10 دن باقی ہیں اس کے باوجود وزارت داخلہ اور افرادی قوت اور وزارت تجارت کی مشترکہ سہ فریقی کمیٹی کی طرف سے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جس کے حوالے سے ایک تاثر یہ ہے کہ وہ معائنہ مہم چلائیں گے اور پھر ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔