کویت اررو نیوز 24 جنوری: پی سی آر ٹیسٹ کی قیمتوں کے تعین کے لئے کویت سول ایوی ایشن اور وزارت صحت کا اتفاق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کویت کی سول ایوی ایشن اور وزارت صحت نے مسافروں کے چیک اپ کے طریقہ کار وضع کرنے کے لئے پی سی آر ٹیسٹ کی قیمتوں کے تعین پر اتفاق کرلیا ہے۔ روزنامہ الانباء کی خبر کے مطابق سول ایوی ایشن کویت پہنچنے کے بعد مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کی قیمتوں پر ایئر لائنز سے قیمت وصول کرنے کے کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے لئے وزارت صحت (MOH) کے ساتھ مربوط ہے۔
باخبر ذرائع نے روزنامہ کو دیئے گئے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سول ایوی ایشن انتظامیہ وزارت صحت کے تعاون سے صحت کے طریقہ کار کی تکمیل اور ہر طرح کی معلومات فراہم کرنے کے لئے ہوائی اڈے پر ہیلتھ پلیٹ فارم قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سول ایوی ایشن انتظامیہ صحت کی خدمات فراہم کرنے کے طریقہ کار پر اتفاق کرنے کے لئے وزارت صحت کے ساتھ بھی تعاون کر رہی ہے اور پی سی آر ٹیسٹ کے لئے طے شدہ قیمتوں کا تعین کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو مہنگی پی سی آر فیس کی ادائیگی سے بچایا جاسکے۔
ذرائع نے یہ بھی اشارہ کیا ہے کہ میڈیکل ٹیموں اور نجی لیبارٹریوں کو ٹرمینل کے اندر ضروری چیک اپ کرنے کے لئے تربیت دینے اور ان کی راہ ہموار کرنے کے طریقہ کار وضع کرنے کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
ذرائع نے نشاندہی کی کہ ایئرلائنز کو پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطین مدت کے دوران اخراجات وصول کرنے کے فیصلے پر اس وقت تک عمل نہیں کیا جائے گا جب تک صحت کا پلیٹ فارم قائم نہیں ہوجاتا جبکہ پی سی آر ٹیسٹ کی قیمتوں کا تعین سول ایوی ایشن اور وزارت کے ذریعہ طے کیا جائے گا۔