کویت اردو نیوز 25 جنوری: کویت کے قومی دن اور یوم آزادی کی تقریبات اس سال منفرد انداز سے منائی جائیں گی۔ تقریبات کا آغاز صحت کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ فروری کے اوائل میں ہو جائے گا: وزیر اطلاعات
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات اور نوجوانوں کے امور کے وزیر مملکت عبد الرحمن المطیری نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ "امن کا گہوارہ” کے نعرے کے تحت فروری کے شروع میں کویت کے 60 ویں قومی دن اور 30 ویں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگا۔
اس سال کی تقریبات 31 مارچ تک جاری رہیں گیں۔ تقریبات کا آغاز امیر الکویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شہزادہ شیخ مشال الاحمد الجابر الصباح کی قیادت میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال کا نعرہ پوری دنیا میں امن کے حصول اور حفاظت کے لئے کویت کی کوششوں کی نمائندگی کرتا ہے جس کا آغاز مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے کیا تھا اور اب عزت مآب امیر کویت شیخ نواف اس کو آگے بڑھارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ” یہ قومی مہم اگلے پیر سے شروع ہوگی جس میں تمام شہریوں اور تارکین وطن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جہاں بھی ہوں کویت کے جھنڈے کو بلند کریں اور ملک سے محبت کا اظہار کریں”۔
وزیر مملکت عبدالرحمن المطیری نے کہا کہ وزارت اطلاعات کویت ٹی وی اور ریڈیو پر کویت کے قومی دن اور یوم آزادی کی اس مہم کو نشر کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر قومی گانوں اور پروگراموں کی تیاری پر بھی کام کر جاری ہے۔ دریں اثنا وزارت دفاع ، جی سی سی ریاستوں کے ساتھ تعاون میں ایک فضائی، زمینی فوجی کارکردگی پیش کرے گی۔ کمیٹی کے اجلاس میں کویت رضاکارانہ ورک سینٹر کی چیئرپرسن شیخہ امثل الاحمد الجابر الصباح اور دیگر اعلی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔