کویت اردو نیوز 25 جنوری: کویت ائیر پورٹ پر کمرشل پروازوں کی بحالی کا دوسرا مرحلہ غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہلے مرحلے میں فضائی آپریشن صرف 18 فیصد تک رہا جبکہ وزراء کونسل نے کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کمرشل پروازوں کی واپسی کے منصوبے کی بحالی کے دوسرے مرحلے کو اگلے نوٹس تک ملتوی کرنے کا فیصلہ جاری کردیا ہے۔
کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہوائی آپریشن کے پہلے مرحلے کی شرح 18 فیصد سے زیادہ تجاوز نہ کرسکی جبکہ منصوبے کے تحت شرح 30 فیصد سے تجاوز نہیں کرسکتی تھی۔ ذرائع کے مطابق بہت سارے ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے سبب ملک میں تمام آنے والوں کی سخت جانچ کرنا اور آنے والوں کی تعداد کو کم کرنا وزارت صحت کے لئے لازمی اقدامات میں سے تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کمرشل پروازوں کی بحالی کا دوسرا مرحلہ جس کا آغاز یکم فروری سے ہونا تھا اس میں آپریشنل ہوائی ٹریفک میں 60 فیصد سے زیادہ اضافہ کرنا شامل تھا تا کہ روزانہ 20 ہزار مسافر سفر کرسکیں لیکن کورونا وائرس کے نئے تناؤ اور کمرشل آپریشن کی شرح پہلے مرحلے کی مقررہ حد تک پہنچنے میں ناکامی کے باعث اگلے نوٹس تک دوسرے مرحلے کو ملتوی کردیا گیا ہے۔