کویت اردو نیوز 28 جنوری: رہائشی قاون و اقامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی حیثیت میں ترمیم کرنے کی آخری تاریخ میں 2 مارچ تک توسیع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کویت کے وزیر داخلہ شیخ ثامر العلی نے ایک فرمان جاری کیا جس میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یکم فروری سے 2 مارچ تک اقامہ میں ترمیم کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ کورونا وبائی مرض کے پھیلاؤ کے نتیجے میں غیر معمولی حالات کے دوران پروازوں میں رکاوٹ، لوگوں کے کاروبار کی معطلی، بندش اور اس میں ہونے والے نقصانات اور لیبر مارکیٹ کے شعبے پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کو دو ہفتوں سے زیادہ مدت کے لئے بند کرنے کی وجہ سے رہائشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے فریم ورک کے اندر آیا ہے۔
فیصلے کے دوسرے آرٹیکل میں یہ حکم دیا گیا ہے کہ "جو بھی اس فیصلے کے آرٹیکل نمبر (1) میں مذکور مدت کے دوران غیر ملکیوں کے رہائشی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے اور اس کی حیثیت میں ترمیم کے لئے پیش نہیں کیا وہ قانونی طور پر مقرر کردہ سزاوں کا حقدار ہوگا۔ متعلقہ شخص ملک میں رہنے کا مجاز نہیں ہو گا اسے ملک بدر کر دیا جائے گا اور دوبارہ داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ فیصلہ اس مقصد کے لیے کیا گیا ہے تاکہ نئی ڈیڈ لائن کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنے اقامہ میں ترمیم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت دیا جا سکے۔ جرمانے سے بچنے کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور نئی ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے انہیں بچایا جا سکے۔