کویت اردو نیوز 10 فروری: کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر خلیجی ریاست بحرین نے دو ہفتوں کے لیے مساجد میں نماز اور دیگر مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحرینی خبر رساں ادارے نے وزارت انصاف، اسلامی امور اور اوقاف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بحرین میں آئندہ دو ہفتوں کے لئے مساجد بند رہیں گی”۔ وزارت انصاف کے مطابق جمعہ کا خطبہ احمد الفتح اسلامی مرکز سے براہ راست نشر کیا جائے گا جہاں نمازیوں کی محدود تعداد نماز جمعہ ادا کر سکے گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بزرگ نمازیوں کو کورونا کی نئی لہر کے مہلک اثرات سے محفوظ بنانا ہے۔
یاد رہے کہ بحرین میں اس وقت تک کویوڈ۔19 کے 108,807 متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 102,289 مریض شفایاب ہو گئے ہیں جبکہ وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق منگل 11 جنوری تک ملک میں 387 اموات واقع ہو چکی ہیں۔