کویت اردو نیوز 11 فروری: کویت میونسپلٹی نے وائرس سے نمٹنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر رات آٹھ بجے دکانوں کی بندش سے متعلق کابینہ کے فیصلے کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے اپنی معائنہ مہم کا آغاز کیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ بروز بدھ حولی بلدیہ کی ایمرجنسی ٹیم نے سالمیہ میں آٹھ بجے کے بعد کاروباری سرگرمیاں بند ہونے کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والی متعدد دکانوں کی نگرانی کی جبکہ کچھ دکاندار بیرونی لائٹیں بند کر کے کام کر رہے تھے۔ کویت بلدیہ کی ٹیموں نے ایسے دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جبکہ متعدد کارکنوں کو پکڑ لیا گیا اور وزارت داخلہ کی طرف سے ان کے کفیلوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔
حولی اور احمدی گورنریٹس میں میونسپل سیکٹر امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل فہد الشتیلی نے کہا کہ ” کویت بلدیہ اور سول ٹیمیں مسلسل چوتھے روز بھی کابینہ کے حالیہ فیصلے پر عمل پیرا ہیں اور کچھ کو مکمل طور پر بند کرنے کے فیصلے پر عمل پیرا ہیں۔ رات آٹھ بجے سے شروع ہونے اور اگلے دن کی صبح پانچ بجے تک ختم ہونے والی تمام قسم کی تجارتی سرگرمیاں (ماسوائے کھانے، پینے اور طبی سرگرمیوں) کی جزوی بندش کے علاوہ ذاتی نگہداشت اور ہیلتھ کلب جیسی سرگرمیوں کی مکمل بندش کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
بندش فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے جرمانے کے بارے میں الشتیلی نے کہا کہ "پہلی دفعہ خلاف ورزی کرنے پر وارننگ دی جاتی ہے اگر خلاف ورزی پہلی مرتبہ ہی شدید نوعیت کی ہو تو خلاف ورزی کی رپورٹ جاری کی جاتی ہے اور سہولت بند کردی جاتی ہے جس کے نتیجے میں لائسنس واپس لے لیا جاتا ہے اور مقدمے کے اجراء اور اس کی خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق استغاثہ میں منتقلی کر دی جاتی ہے”۔