کویت اردو نیوز 20 مارچ: پاکستان سانحہ موٹر وے کیس میں ملوث مرکزی ملزمان کو عدالت نے سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے گواہان کے بیانات مکمل ہونے اور جراح کے بعد جمعرات کے روز کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جسے آج جاری کیا گیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان کے اعتراف کے بعد انہیں زیادتی کے جرم میں سزائے موت جبکہ ڈکیتی کے جرم میں 14 ، 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ ملزمان کو یہ حق بھی دیا گیا ہے کہ وہ اس سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملزم عابد ملہی اور شفقت علی نے 8 اور 9 ستمبر کی رات گجر پورہ کے قریب بچوں کے سامنے ماں کو تشدد کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ خاتون اپنے دو بچوں کے ساتھ لاہور سے گوجروانولہ جارہی تھی کہ گجرپورہ لنک روڈ کے قریب گاڑی میں پیٹرول ختم ہوگیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے لنک روڈ ہائی وے پر گاڑی کھڑی کی تو اسی دوران ملزمان نے گاڑی پر دھاوا بول دیا۔
بعد ازاں پولیس نے ملزم شفقت علی کو 14 ستمبرجبکہ عابدملہی کو 12 اکتوبرکو گرفتارکیا جس کے بعد دونوں نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا اور متاثرہ خاتون نے بھی مجسٹریٹ کے سامنے دونوں ملزمان کی شناخت کی۔
پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمے میں 37 گواہ پیش کیے گئے۔ کیس حساس ہونے کی وجہ سے مقدمے کا ٹرائل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جیل میں ہی کیا۔