کویت اردو نیوز 28 مارچ: ادارہ جاتی قرنطین کے نفاذ کے بعد سے ہوٹلوں کی صورتحال کے بارے میں روزنامہ الأنباء کی جانب سے ایک رپورٹ پیش کی گئی۔
روزنامہ الانباء کی رپورٹ کے مطابق ادارہ جاتی قرنطین کے فیصلے کے نفاذ کے بعد سے تقریباً 2,200 کویتی مسافروں نے ہوٹلوں میں قرنطین کی مدت پوری کی۔
ہوٹل مالکان یونین کے سکریٹری جنرل محمد ناجیہ نے روزنامہ الانباء کو ایک خصوصی بیان دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے کچھ گروپس کو ادارہ جاتی قرنطین سے مستثنیٰ کرنے کے حالیہ فیصلے سے ہوٹلوں کو خاص فرق نہیں پڑا ہے۔ 21 فروری سے فیصلے کے اطلاق کے بعد سے تقریباً 2,200 کویتی مسافروں نے ملک کے مختلف 47 ہوٹلوں میں قرنطین کی مدت پوری کی۔
محمد ناجیہ نے کہا کہ کویت کے ہوٹلوں نے گذشتہ ایک سال کے دوران اپنی آپریٹنگ آمدنی سے تقریبا 172 ملین دینار گنوا دیئے ہیں جو گزشتہ کئی سالوں میں اس شعبے کا سب سے بڑا نقصان ہے کیونکہ سیاحت اور ٹریول کا شعبہ کورونا بحران سے سب سے زیادہ متاثرہ شعبہ ہے۔
یہ قابل ذکر ہے کہ "زیادہ خطرے” والے ممالک سے آنے والے مسافروں کو 14 دن کی مدت کے لئے قرنطین کرنا ہوگا جبکہ اس کے علاوہ باقی ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کو اپنے ہی خرچ پر 7 دن کی مدت کے لئے منظور شدہ کویت ہوٹلوں میں سے کسی ایک میں قرنطین کرنا ہوگا۔