کویت اردو نیوز 28 مارچ: مخصوص پیشوں سے وابستہ افراد کے لئے اہلیت کا امتحان لازمی ہو گا۔
روزنامہ الرائی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں آنے والے تارکین وطن کے لئے قابلیت کے امتحانات ابھی بھی جاری ہیں اور پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ڈائریکٹر جنرل احمد الموسیٰ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ قابلیت کا امتحان نئے آنے والوں اور اپنے پیشوں کو تبدیل کرنے والوں کے لئے لازمی شرط ہے۔
الموسیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس پھیلنے اور احتیاطی طور پر صحت کے اقدامات کی بنیاد پر کارکنوں کی بھرتیوں کو روک دیا گیا تھا جس کے سبب ٹیسٹ خود بخود بند رک گئے تھے لیکن غیر معمولی معاملات اور کورونا ایمرجنسی کمیٹی کی منظوری کے ساتھ اہلیت کا امتحان بہرحال ایک لازمی شرط ہے اور پیشہ ورانہ مہارت کی جانچ کے لئے قواعد کے مطابق امتحان لیا جائے گا جیسے موجودہ صورتحال سے قبل لیا جاتا تھا۔
صرف نئے آنے والے افراد پر مہارت کی جانچ کے طریقہ کار کی پابندی کے بارے میں الموسیٰ نے تصدیق کی کہ مخصوص پیشوں کی ایک فہرست کے مطابق ملک کے اندر تارکین وطن کے لئے رہائشی اقامہ منتقل کرنے یا ایک پیشے کو دوسرے پیشے میں تبدیل کرنے پر بھی یہی ٹیسٹ لاگو ہوتا ہے جبکہ مستقبل میں تکنیکی پیشوں کی بڑی تعداد کو اس فہرست میں شامل کرنے کا ارادہ ہے جنہیں یہ قابلیت کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔
اتھارٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے ترقی و منصوبہ بندی امور ایمان الانصاری نے نوٹ کیا کہ وہ پیشہ ور ملازمتوں سے وابستہ عوامی فلاحی سوسائیٹیز کے ساتھ مشاورت سے پیشوں کی فہرست پر کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں ان پیشوں سے وابستہ افراد کی بھرتیاں پیشہ ورانہ امتحانات کے تحت ہوں گی۔ اس بات کا امکان ہے کہ اکاؤنٹنٹس کو اس زمرے میں شامل کیا جائے گا اور جلد ہی اکاؤنٹس ایسوسی ایشن سے مشاورت کی جائے گی۔