کویت اردو نیوز 07 اپریل: جلیب الشیوخ، حساوی اور عباسیہ میں پبلک سیکیورٹی سیکٹر کے چھاپے، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق "پبلک سیکیورٹی” نے جلیب الشیوخ اور حساوی کے علاقوں میں غیر قانونی مارکیٹوں اور بے ترتیب اسٹالوں پر چھاپے مارے اور متعدد افراد گرفتار کئے جبکہ سامان کی بڑی مقدار ضبط کرلی گئی۔
فروانیہ گورنیٹ میں پبلک سیکیورٹی سیکٹر اپنی سیکیورٹی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اس دوران کویت بلدیہ کے ساتھ جلیب الشیوخ ،حساوی اور عباسیہ کے علاقوں میں بے ترتیب منڈیوں اور اسٹالوں پر جہاں بجلی کا سامان، کپڑے اور استعمال شدہ فرنیچر کی فروخت ہو رہی تھی چھاپے مارے گئے اور غیر قانونی طور پر فروخت ہونے والا سامان ضبط کرلیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے سیکرٹری برائے سیکیورٹی کے معاون سیکرٹری میجر جنرل فراج الزعبی کی براہ راست ہدایات پر اس مہم کا آغاز کیا گیا اور نتیجے میں متعدد مقامات پر فرنیچر ، خوراک اور بجلی کا سامان و اوزار وغیرہ ضبط کیا گیا۔ متعدد تارکین وطن کارکنان جو غیر قانونی مارکیٹوں اور اسٹالز کے مالکان تھے انہیں بھی گرفتار کیا گیا۔
فروانیہ گورنریٹ کی جنرل سیکیورٹی غیر قانونی اور مارکیٹوں کے خلاف "قانون کی تلوار” کی حیثیت سے مشہور ہے اور خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لئے مسلسل اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ مہم پوری شدت سے جاری ہے۔