کویت اردو نیوز 18 مئی: کویت کابینہ نے صحت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سب کے لئے ریستوران کھولنے کا فیصلہ جاری کر دیا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ریستورانوں اورکیفوں میں داخلہ صحت کی ضروریات کے مطابق ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزراء کی کونسل نے اپنی میٹنگ میں کورونا وبائی امراض سے متعلق صحت کے حالات کے مطابق صارفین کے لئے ریستورانوں کو بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کا اطلاق 23 مئی بروز اتوار سے ہو گا جبکہ ذرائع نے تصدیق کی کہ شیشہ "حقہ” کیفوں کو بحال کرنے کی تاریخ مزید اطلاع تک ملتوی ہوگی۔ روزنامہ القبس کے ذرائع نے انکشاف کیا کہ کونسل سفری پابندی کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر دیگر پر غور کرے گی خاص طور پر وہ لوگ جو بیرون ملک کورونا کی ویکسین لگوا چکے ہیں اور ملک کی طرف سے طے شدہ ادارہ جاتی قرنطانیہ کی مدت کو ختم کر چکے ہیں۔
ذرائع نے مزید اشارہ کیا کہ تجارتی سرگرمیاں (شاپنگ مالز وغیرہ) بند کرنے کا وقت احتیاط کے طور پر رواں ہفتے تک تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ اس وقت ملک میں صورتحال مستحکم ہے اور حکومت معمول کی زندگی میں واپسی آہستہ آہستہ جاری رکھے گی۔