کویت اردو نیوز 29 مئی: سعودی عرب نے گھر سے باہر قرنطین کرنے کے طریقہ کار کی درخواست کے ساتھ 11 ممالک سے تارکین وطن کو ملک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات ، جرمنی ، امریکہ ، آئرلینڈ ، اٹلی ، پرتگال ، برطانیہ ، سویڈن ، سوئٹزرلینڈ ، فرانس اور جاپان سے آنے والے افراد کو کل بروز اتوار رات 01 بجے سے ادارہ جاتی قرنطین (گھر سے باہر قرنطین) کرتے ہوئے مملکت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) نے وزارت داخلہ کے ایک سرکاری ذریعے کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یہ فیصلہ پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے متعدد اعلان کردہ ممالک میں وبائی امراض کے بارے میں پیش کردہ اعدادوشمار پر مبنی ہے جس نے ان ممالک میں موجود کورونا مرض کے استحکام اور اس کی تاثیر کو ظاہر کیا ہے جبکہ ان میں سے کچھ ممالک میں وبائی امراض کو کنٹرول کر لیا گیا ہے۔ ذرائع نے ان ممالک سے آنے والوں کے لئے ادارہ جاتی قرنطین اقدامات کے اطلاق پر زور دیا۔
یاد رہے کہ 3 فروری سےسعودی عرب نے 20 ممالک سے آنے والے سفارت کاروں ، صحت سے متعلق معالجین اور ان کے اہل خانہ کے علاوہ غیرملکیوں کے لئے عارضی طور پر مملکت میں داخلہ معطل کیا ہوا ہے۔