کویت اردو نیوز 06 جون: کویت ائیرپورٹ کے انچارج حکام کا تارکین وطن کی واپسی اور پابندی میں نرمی پر مطالعہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کویت ہوائی اڈے کے انچارج حکام مسافروں کی روانگی اور آمد کے سفر کے طریقہ کار پر پابندی میں نرمی کا مطالعہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اس مہینے میں ہوائی اڈے کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ بہت سے ممالک نے اپنی ہوائی ٹریفک دوبارہ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ آنے والے مسافروں کے طریقہ کار میں آسانی اور پابندیوں میں نرمی پیدا کردی ہے۔
روزنامہ الرای کی رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹریٹ جنرل نے متعلقہ حکام کے ساتھ ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ مختلف ملاقاتیں بھی کیں اور مسافروں کی آمد کی تیاری کے لئے وزراء کونسل کو حتمی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ان تجاویز میں سے ایک یہ ہے کہ ہوائی آپریشن کو موجودہ صلاحیت کو 10 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کردیا جائے تاکہ غیر ملکیوں کو داخلے کی اجازت دی جاسکے بشرطیکہ وہ ویکسین شدہ ہوں اور ان کے رہائشی اقامے جائز ہوں۔ پیش کردہ سب سے نمایاں منصوبے میں کویت میں مخصوص تعداد میں آنے والے ممالک کے لئے کوٹہ سسٹم مقرر کرنا سخت شرائط میں شامل ہے ان میں سے ایک یہ ہے کہ کویت میں منظور شدہ اور سرکاری طور پر تسلیم شدہ ویکسین میں سے کسی ایک کی دو خوراک لینے والوں کو داخلے کی اجازت دی جائے (فائزر ، آسٹرازینیکا، موڈرنا ، جانسن اینڈ جانسن)۔ کویت آنے سے 3 دن پہلے PCR ٹیسٹ کرانا اور اگر نتیجہ منفی ہے تو مسافر کو قرنطین کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
فی الحال کویت پہنچنے والے کویتی شہریوں کے لئے بھی یہی طریقہ کار لاگو کیا گیا ہے لیکن منظور شدہ ویکسین کی ایک خوراک لے کر پہنچنے والوں کے لئے ایک مختلف طریقہ کار لاگو کیا جائے گا کیونکہ ایسے افراد کو ایک ہفتے کے لئے ادارہ جاتی قرنطین اور دوسرے ہفتے گھریلو قرنطین درکار ہوگا۔
جن افراد کو کویت میں منظور شدہ ویکسین نہیں لگائی گئی انہیں مستقبل قریب میں کویت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ان اقدامات کا مقصد احتیاطی تدابیر سخت کرنا اور کویت آنے والے افراد کے ساتھ انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہیں۔ فی الحال کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور کچھ کویتی شہریوں اور غیر ملکی جو گرمیوں کی تعطیلات بیرون ملک گزارنا چاہتے ہیں کی روانگی دیکھنے میں آرہی ہے۔