کویت اردو نیوز 12 جون:سعودی عرب میں 15 جون سے کھلے مقامات پر دھوپ میں کام کرنے کے خلاف سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں افرادی قوت اور سماجی بہبود کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ کارکنان کے کھلے مقامات پر دھوپ میں کام کرنے پر پابندی کے فیصلے کا اطلاق منگل 15 جون سے ہو گا۔ یہ پابندی 15 ستمبر 2021ء بروز بدھ تک لاگو رہے گی۔ اس دوران میں نجی سیکٹر کی تمام تنصیبات پر دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات میں کام کرنا ممنوع ہو گا۔
افرادی قوت اور سماجی بہبود کے سعودی وزیر انجینئر احمد الراجحی نے وزارتی فیصلہ جاری کیا تھا جس کے تحت نجی سیکٹر کی تنصیبات کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ سخت دھوپ اور انتہائی درجہ حرارت کے اثرات سے تحفظ کے لیے کارکنان کی پیشہ وارانہ سلامتی اور صحت سے متعلق رہ نما میں درج اقدامات پر عمل درامد کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں فیصلے سے متعلق خلاف ورزیوں کی شکایات ٹیلی فون نمبر (19911) یا "معا” موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے درج کرائی جا سکتی ہیں۔