کویت اردو نیوز 22 جون: ویکسین شدہ تارکین وطن براہ راست سفر کرکے کویت آسکتے ہیں کسی تیسرے ملک میں رکنے کی ضرورت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ القبس کو سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ممنوعہ ممالک سے یکم اگست سے واپس آنے والے ویکسین شدہ تارکینِ وطن پر ملک میں داخلے سے قبل کسی تیسرے ملک میں 14 دن گزارنے کا قانون اب لاگو نہیں ہوگا یہ قانون ماضی کے فیصلوں کا حصہ ہے تاہم اب تارکین وطن ڈائریکٹ پروازوں سے ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔ ذرائع نے واضح کیا کہ ملک میں داخلے سے قبل تارکین وطن کو کویت میں منظورشدہ ویکسینوں میں سے کوئی بھی ایک ویکسین لینی ہوگی۔ غیر ملکی ملک میں آمد سے 72 گھنٹے قبل کی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ پیش کریں گے جو اس بات کا
ثبوت ہوگا کہ مسافر کرونا سے پاک ہیں۔ ملک میں داخل ہونے والے تارکینِ وطن کو آمد کے بعد گھریلو قرنطین کی مدت پوری کرنی ہوگی۔ گھریلو قرنطین کے دوران دوسرا پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا جس کا نتیجہ منفی آنے کی صورت میں گھریلو قرنطین ختم ہوجائے گا۔
گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران اپنے بچوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کی غرض سے سفر کرنے والے تارکینِ وطن بغیر کسی ویکسی نیشن کے ملک میں داخل ہوں گے یا نہیں اس بارے میں کئے گئے سوال کے جواب میں ذرائع نے بتایا کہ جلد ہی وزراء کی کونسل یہ فیصلہ کرے گی کہ چھوٹے بچوں کو ویکسین سے مستثنیٰ کیا جائے یا ملک میں داخلے کے لئے ویکسین کی شرط لازمی قرار دی جائے۔