کویت اردو نیوز 25 جون: سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک نئے ہوائی اڈے کی تعمیر کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔
بلومبرگ کی اطلاع کے مطابق سعودی عرب اپنے دارالحکومت ریاض میں ایک نیا ہوائی اڈہ بنانے پر غور کر رہا ہے۔ اس معاملے سے واقف افراد کے مطابق ایئر لائنز کی تعداد میں نمایاں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے مملکت کا خودمختار دولت فنڈ ایک ایسی سہولت مہیا کرنے پر غور کر رہا ہے جو ایک نئی ایئر لائن کے اڈے کی حیثیت سے کام کرے گی جبکہ رواں سال 430 بلین ڈالر کے فنڈ کو مختص کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا تھا کہ ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایوی ایشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ
اس نئی ایئر لائن جس کا رواں سال کے شروع میں مقامی طور پر اعلان کیا گیا تھا سیاحوں اور کاروباری مسافروں کو سروس مہیا کرے گا جبکہ موجودہ سعودی ایئر لائنز جدہ میں اپنے اڈے سے حج اور عمرہ سیکٹر پر توجہ مرکوز کرے گی۔ بلوم برگ ذرائع کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ ریاض کے ایک نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اربوں کی سرمایہ کاری کے خیال پر بھی مطالعہ کر رہا ہے جبکہ اس سہولت کی جسامت اور اس کی تعمیر کے لئے وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔
اس منصوبے سے 2030 تک ہر سال 100 ملین سیاحوں کو راغب کرنے کے مملکت کے مقصد کو آگے بڑھایا جائے گا جو کہ 2019 سے چھ گنا بڑھا ہوا ہے۔ ملک کو زائرین کے لئے کھولنا تیل کی آمدن کے علاوہ معیشت کو مضبوط بنانے کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔