کویت اردو نیوز 25 جون: لوگوں کے ہجوم کے باعث کویت کے مشہور شاپنگ کمپلیکس کے داخلی راستے بند کر دئیے گئے جبکہ 27 جون سے 10 مشہور شاپنگ مالز میں سکیورٹی تعینات کر دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق 27 جون سے غیر ویکسین شدہ افراد کے تجارتی کمپلیکس ، ہیلتھ کلبوں اور صالون میں داخل ہونے سے روکنے کے وزراء کونسل کے فیصلے کے نفاذ کے بعد گزشتہ روز کویت کے مختلف شاپنگ مالز میں عوام کا بڑا ہجوم دیکھنے میں آیا۔ ملک کے ایک بڑے مشہور کمپلیکس میں گزشتہ روز خاصی تعداد میں ہجوم دیکھنے کو ملا خاص طور پر چونکہ بارہویں جماعت کے طلباء کے امتحانات کے بعد یہ پہلا جمعہ تھا جو اپنی گریجویشن کو منانے نکلے اس کے علاوہ حالیہ کچھ دنوں کی 50 ڈگری گرمی سے بچتے ہوئے بیشتر لوگ چہل قدمی کرنے پہنچ گئے۔
کمپلیکس میں داخل ہونے سے پہلے درجہ حرارت کی جانچ ، ماسک پہننے ، ریسٹوران اور کیفے میں سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے صحت کی ضروریات کے طریقہ کار پر عمل کیا جا رہا تھا۔ ایک شہری سلیمان باسل جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ کمپلیکس میں آئے تھے نے کہا کہ "مجھے ایک ہفتہ قبل فائزر ویکسین کی دو خوراکیں موصول ہوئی تھیں۔ کرونا انفیکشن کی خطرناک موجودگی کے ساتھ صحت کو محفوظ رکھنے اور اس سے بچنے کے لئے میں غیر ویکسین شدہ افراد کے کمپلیکس میں داخل نہ ہونے کے فیصلے کی تائید کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ” میری اہلیہ اور بچوں کو یہ ویکسین نہیں ملی اور مجھے امید ہے کہ ان کی ویکسین لینے کی باری جلد آ جائے گی۔” ایک اور شہری سعد الرشیدی نے کہا کہ ہمیں مطلوبہ خوراکیں موصول ہوگئی ہیں اور ہم اس فیصلے کے ساتھ ہیں کیونکہ یہ ملک اور شہریوں کے مفاد میں ہے اور ہر ایک کو لازمی طور پر ویکسین وصول کرنے کے لئے پہل کرنا چاہئے تاکہ اس خطرناک وائرس کا مقابلہ کرنے میں ہم ان کی مدد کرسکیں۔
دوسری جانب روزنامہ الرای کو ایک سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بلدیہ کی فیلڈ ٹیموں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے تعاون سے ایک مشہور کمپلیکس کے اندر لوگوں کی بڑی تعداد میں بھیڑ جمع ہونے اور صحت کے مطابق جگہ کی کمی کی وجہ سے کمپلیکس کے دروازے بند کردیئے۔
وزارت داخلہ برائے پبلک سیکیورٹی امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری میجر جنرل فرج الزوبی نے الرای کو ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ سیکیورٹی سیکٹر تجارتی مالز میں داخل نہ ہونے کے کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے تیار ہے۔ الزوبی نے انکشاف کیا کہ جنرل سیکیورٹی اتوار سے کویت میں موجود 10 مختلف کمپلیکسوں کے داخلی راستوں پر ایک یا دو افسران تعینات کئے جائیں گے تاکہ صحت کی ضرورتوں پر عمل درآمد کرنے اور مالز میں داخل ہونے والوں کی جانچ پڑتال کرنے کے پیچیدہ عمل کی سیکیورٹی کی حد تک نگرانی کی جاسکے۔