کویت اردو نیوز 27 جون: وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے غیر ملکیوں کی وطن واپسی سے متعلق قرارداد نمبر 72/2021 جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے یکم اگست سے غیر ملکیوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت سے متعلق 2021 کی قرارداد نمبر 72 جاری کردی جس کے مطابق غیر ملکی یکم اگست سے ملک میں داخل ہوسکتے ہیں بشرطیکہ وہ کویت میں منظور شدہ اینٹی کورونا وائرس ویکسینز میں سے کسی ایک ویکسین کی دو خوراکیں حاصل کریں۔ وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح کی جاری کردہ فیصلے میں مندرجہ ذیل شرائط درج ہیں۔
آرٹیکل نمبر 1: غیر کویتیوں کو اس شرط پر ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہے کہ وہ کویت میں منظور شدہ اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی دو خوراکیں وصول کریں جو مخصوص کمپنیوں کے ذریعہ تیار کی گئی ہیں جن میں فائزر، آسٹر زینیکا، موڈرنا شامل ہیں یا جانسن اینڈ جانسن کمپنی کے ذریعہ تیار کردہ ویکسین کی ایک خوراک حاصل کی ہو۔ واپس آنے والے تارکین وطن آمد پر پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کریں گے بشرطیکہ ٹیسٹ رپورٹ 72 گھنٹے سے ذیادہ مدت کی نہ ہو اور رپورٹ کا نتیجہ منفی ہو جو یہ ثابت کرے گا کہ مسافر کورونا وائرس سے پاک ہے۔ ملک میں آمد کے بعد غیرملکیوں کو گھریلو قرنطین کی مدت گزارنی ہوگی جس میں انکا دوسرا پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا جو آمد کے بعد سات دن کے اندر اندر ہوگا۔ دوسرے پی سی آر ٹیسٹ کے رپورٹ منفی آنے کی صورت میں قرنطین کی مزید ضرورت ختم ہوجائے گی۔
آرٹیکل نمبر 2: شہریوں کو ملک سے باہر سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک کہ وہ کویت میں منظور شدہ اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی دو خوراکیں وصول نہ کرلیں یا جنہیں ویکسی نیشن سے استثنیٰ حاصل ہو۔ مخصوص عمر والے افراد کو ویکسی نیشن سے استثنیٰ حاصل ہے۔ وہ شہری جنہیں وزارت صحت سے منظور شدہ سرٹیفکیٹ حاصل ہو جس میں کہا گیا ہو کہ وہ صحت کی وجوہات کی بناء پر ویکسین حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔ ایسے افراد بھی ویکسین لینے سے مستثنیٰ ہیں۔ حاملہ خواتین بشرطیکہ وہ وزارت صحت سے منظور شدہ حمل کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ متعلقہ تمام زمرے سفر کرسکتے ہیں اور ان پر اس فیصلے کی کوئی پابندی نہیں۔
آرٹیکل نمبر 3: کرونا وائرس کے خلاف ویکسین لینے والوں یا ویکسین سے مستثنیٰ مخصوص گروپس کو مندرجہ ذیل جگہوں پر جانے کی اجازت ہوگی۔
- ریسٹورانٹ اور کیفے ہال
- ہیلتھ کلبز
- صالون
- 6000 مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے والے بڑے تجارتی کمپلیکس۔
آرٹیکل نمبر 4: وزراء کی کونسل میں معاملہ پیش کیا جاتا ہے تاکہ متعلقہ حکام کو تفویض کیا جائے کہ قرارداد میں جو بیان کیا گیا ہے اس پر ہر ایک اپنے اپنے دائرہ اختیار میں عمل درآمد کرے۔
آرٹیکل نمبر 5: یہ فیصلہ جس کے بھی نفاذ کی ضرورت ہو اسے بتایا جائے گا اور اسے سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔