کویت اردو نیوز 07 جولائی: بھارت کے سینئر فلمی لیجنڈ اداکار محمد یوسف (دلیپ کمار) انتقال کرگئے، ان کی عمر 98 سال تھی۔
تفصیلات کے مطابق دلیپ کمار (محمد یوسف) ممبئی کے پی ڈی ہندوجہ اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ انہیں سانس لینے میں دشواری پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ بھارت کے عظیم فنکار اور شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور دلیپ کمار کا 98 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کے علاج پر مامور ڈاکٹر جلیل پارکر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ اداکار دلیپ کمار گزشتہ کافی عرصے سے علیل تھے اور ان کا ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں علاج جاری تھا۔ کچھ دن قبل ان کے شفایاب ہونے کے بعد انہیں گھر لے جایا گیا تھا تاہم ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہو گئی اور انہیں
دوبارہ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ کئی دن تک آئی سی یو میں داخل رہے۔ دلیپ کمار کو پچھلے ایک مہینے میں دو بار اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ 5 جولائی کو دلیپ کمار کے ٹویٹر ہینڈل سے ان کی صحت سے متعلق اطلاع دی گئی تھی۔ دلیپ کمار (محمد یوسف) کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ دلیپ صاحب کی صحت بہتر ہو رہی ہے وہ ابھی اسپتال میں ہی ہیں۔ انہیں اپنی دعاؤں سے نوازیں لیکن ان کی صحت سے متعلق اس معلومات کے دو دن بعد ہی دلیپ کمار الوداع کہہ کر اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔ دلیپ کمار 1922 میں پشاور میں
پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد اپنے اہل خانہ کے ساتھ ممبئی منتقل ہوئے تھے۔ انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری پر ایک طویل عرصے تک راج کیا۔ دلیپ کمار کی مشہور فلموں میں دیوداس، مغل اعظم، نیادور اور دیگر شاہکار فلمیں شامل ہیں۔ لیجنڈ اداکار دلیپ کماربالی ووڈ میں شہنشاہ جذبات کے لقب سے مشہور تھے۔