کویت اردو نیوز 08 اپریل: ملک میں تین ہزار لانڈری کی دکانوں میں سے متعدد دکانیں بند ہوگئیں۔
روزنامہ الانباء کی رپورٹ کے مطابق کویتی فیڈریشن کے لانڈری شاپ مالکان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین جمال الانصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں لانڈری کی کل 3،000 دکانیں موجود ہیں جن میں سے 50 دکانیں مستقل طور پر بند ہوگئی ہیں جبکہ 400 لانڈری شاپس تنخواہیں اور کرایوں کی عدم ادائیگی اور غیر مستحکم معاشی صورتحال کی وجہ سے عارضی طور پر بند ہوگئی ہیں جو مالکان کے لئے ناقابل برداشت نقصان ہے۔
روزنامہ سے بات کرتے ہوئے جمال الانصاری نے کہا کہ فیڈریشن نے نائب وزیر اعظم وزیر دفاع اور کورونا ایمرجنسی کمیٹی کے چیئرمین شیخ حماد جابر العلی الصباح کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں لانڈری شاپس کے لئے ڈلیوری سروس کے لئے اجازت کی درخواست کی گئی ہے اس کے علاوہ جزوی کرفیو اوقات میں ملازمین کو ایگزٹ پرمٹ جاری کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ لانڈری شاپس کے ملازمین صحت کی ہدایات کی مکمل پیروی کریں گے اس صورتحال میں وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ اس غیر یقینی صورتِحال میں جہاں ملک کے دیگر شعبے متاثر ہوئے ہیں وہاں چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والوں نے ناقابل برداشت نقصان اٹھایا ہے۔