کویت اردو نیوز 19 مئی: وزیر صحت نے وزراء کونسل کو رپورٹ پیش کردی، ملک میں صحت کی صورتحال میں استحکام کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز منگل کو ہونے والے ہفتہ وار اجلاس میں وزرا کی کونسل نے وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح کی طرف سے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین پیشرفتوں کے بارے میں فراہم کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا جس میں ملک میں صحت کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ تازہ ترین صحت سے متعلق رپورٹ میں ملک میں صحت کی صورتحال میں استحکام کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وائرس سے متاثرین کی تعداد میں کمی اور شفایابی کی شرح میں 95.3 فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ اموات میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں علاج معالجہ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔
کابینہ نے ملک کی صحت کی صورتحال کے استحکام پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزارت صحت کے عہدیداروں ، ڈاکٹروں ، طبی عملے اور مددگار عملے کی کارکردگی اور قربانیوں پر خلوص اور فخر کا اظہار کیا۔ وزارت صحت کی پرخلوص کاوشوں اور شہریوں اور رہائشیوں کی صحت کے تحفظ کے لئے ملک میں اس مہلک وبا کے پھیلاؤ کا سامنا کرنے اور اس صحت اور انسانیت سوز بحران سے نمٹنے میں ان کے عظیم انسان دوست کردار کی تعریف بھی کی گئی۔
کابینہ نے ایک بار پھر تمام شہریوں اور رہائشیوں سے صحت کے تقاضوں پر عمل پیرا ہونے ہر فرد اور معاشرے کی صحت کو محفوظ رکھنے اور انفیکشن کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لئے سرکاری و نجی مقامات پر اجتماعات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا۔