کویت اردو نیوز 20 جولائی: موسمی قصابوں پر 700 دینار کا جرمانہ عائد یا ملک بدر کیا جائے گا، ایسے قصاب چلتی پھرتی بیماری ہیں: بلدیہ کویت
تفصیلات کے مطابق جہراء گورنریٹ میں کویت میونسپلٹی برانچ میں صفائی اور روڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر فہد القریفہ نے عیدالاضحٰی کے دوران موسمی قصابوں کو غیرقانونی خدمات فراہم کرنے سے روکنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ ان کو روکنے کے لئے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ روزنامہ الجریدہ کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر فہد القریفہ نے تصدیق کی کہ عیدالاضحٰی کے دنوں میں گورنریٹس کے ذبح خانوں میں ہجوم کا فائدہ اٹھا کر غیرقانونی سروس پیش کرنے والے
غیر قانونی قصابوں پر بلدیہ کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ عیدالاضحٰی کے دوران نظر آنے والے موسمی قصاب گلیوں میں فروخت کنندگان کے زمرے میں آتے ہیں جن پر قانون کی خلاف ورزی کے نتیجے میں 700 دینار یا انتظامی جلاوطنی جیسے جرمانے عائد کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمی قصابوں کو روکنا اس لئے ضروری ہے کہ ان قصابوں کے گندے اوزاروں کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس عمل اور اس کے ساتھ ساتھ وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو روکنے میں دفاع کی پہلی لائن ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے قصابوں کے ذریعہ کرونا کے پھیلاؤ نے خطرے کو مزید بڑھا دیا ہے خاص طور پر اگر وہ کورونا سے متاثر ہیں۔ القریفہ نے نشاندہی کی کہ نجی مکانات اور گھروں کے اندر قصابوں کی نگرانی کے لئے بلدیہ کے پاس کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذبح خانے صحت کے تقاضوں کے مطابق ہیں جبکہ راہ چلتے موسمی قصاب کو گھروں میں لانا انتہائی غیر محفوظ ہے۔ ڈائریکٹر فہد القریفہ نے شہریوں اور رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں اور صرف ذبح خانوں کی خدمات حاصل کریں تاکہ اس رجحان کو کم کیا جاسکے اور صحت کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔