کویت اردو نیوز 08 اپریل: ابدلی حادثے میں دو کویتی شہری جاں بحق جبکہ ایک پاکستانی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پا گیا۔
روزنامہ السیاسیہ کی رپورٹ کے مطابق ابدلی روڈ پر ہوئے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو دن قبل دو کویتی شہری جاں بحق ہوئے تھے جبکہ اس حادثے میں ایک پاکستانی شہری بھی شدید زخمی حالت میں اسپتال میں لایا گیا تھا۔ جائے وقوعہ پر حادثے کے دوران پاکستانی شہری کی گاڑی نامعلوم وجوہات کے سبب الٹ گئی اور شدید زخمی ہونے کے باعث اسے فوراََ اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا تاہم حادثے کے دو دن بعد پاکستانی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے آپریشن روم کو حادثے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ سیکیورٹی اور پیرامیڈیک کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی تھیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں دو کویتی شہری جاں بحق ہوئے جبکہ پاکستانی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو دن بعد چل بسا۔ پاکستانی شہری کی باقیات کو فارنزک کے حوالے کردیا گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کی شناخت ندیم اختر فاروقی کے نام سے ہوئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتہ کے دوران ابدالی روڈ پر متعدد ٹریفک حادثات ہوئے جن میں سے کچھ اموات کا سبب بنے اور اس کی ایک وجہ سڑک پر موجود کھڈوں کا بھی ہونا ہے۔