کویت اردو نیوز 23 اگست: فروانیہ اسپتال میں کورونا مریضوں کے تین وارڈز بند کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی وبائی صورت حال میں بہتری کے ساتھ ہی فروانیہ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد الراشدی نے حال ہی میں کوویڈ 19 کے مریضوں کے لیے 3 وارڈز بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ 3 دیگر وارڈز اب بھی سروس فراہم کررہے ہیں۔ اسپتال میں مریضوں کی کم ہوتی تعداد اور کیسز کی شرح میں کمی کے نتیجے میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ کو بھی بند کرنے کا کام جاری ہے۔ الراشدی نے ایک ٹیلی ویژن بیان میں کورونا مریضوں کے لیے اسپتال میں
داخل ہونے کی شرح میں پچھلے مہینے کے مقابلے میں 60 فیصد تک کمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے عرصے میں اسپتال میں روزانہ 10 مریضوں کا داخلہ ریکارڈ کیا جاتا تھا جبکہ اس وقت یومیہ 3 سے 4 مریض داخل ہوتے ہیں۔
اس تناظر میں مبارک الکبیر اسپتال میں کوویڈ 19 کا مقابلہ کرنے والی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر احمد الفضلی نے بتایا کہ ہسپتال کے وارڈوں کے اندر اس وقت وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے جبکہ پچھلے مہینوں کے دوران 120 سے 130 مریض متاثر تھے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں دیکھ بھال کرنے والے مریضوں کی تعداد تقریباً 12 کیسز ہے جبکہ پچھلے عرصے میں یہ تعداد 50 تھی۔