کویت اردو نیوز 06 ستمبر: کویت میں بھاری تنخواہیں وصول کرنے والے غیر ملکیوں کے لیے ورک پرمٹ جاری نہ کرنے کا منصوبہ۔
تفصیلات کے مطابق وزراء کی کونسل کئی منصوبوں کا مطالعہ کر رہی ہے جس میں کویتی شہریوں کو نوکری دینے (کویتائزیشن) کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کویتی شہریوں کو سرکاری شعبے میں کام کرنے والے اپنے ہم منصبوں کے برابر مالی فوائد دینا شامل ہے۔ روزنامہ الجریدہ کے مطابق حکومت ان تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ کے اجراء پر پابندی عائد کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جو بھاری تنخواہیں وصول کررہے ہیں جس کی وجہ سے نجی شعبے میں قومی کارکنوں (کویتی ملازمین) کی مدد کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر کویتی شہری ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت برائے قومی لیبر امور کے
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے اس حوالے سے کہا کہ اگلے دو سالوں میں نجی شعبے میں شہریوں کے لیے 12 ہزار ملازمتیں پیدا کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا مرض پھیلنے کے بعد کویت سمیت تمام خلیجی ممالک میں سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر میں خلیجی ممالک کے شہریوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور غیرملکی کارکنان کی جگہ اپنے شہریوں کو نوکری دینے کو ترجیح دی جارہی ہے جس کی وجہ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے غیرملکیوں کی ایک بڑی تعداد اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔