کویت اردو نیوز 02 نومبر: نشہ آور ادویات سمگل کرنے کے جرم میں بھارتی باشندے کویت ہوائی اڈے پر گرفتار، جواں سالہ کویتی لڑکی نے عمارت سے کود کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
روزنامہ الرای کی رپورٹ کے مطابق کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 450 ٹراماڈول (نشہ آور) گولیوں کے ساتھ پہنچنے والے دو ہندوستانیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ روزنامہ کے مطابق ان افراد میں سے ایک نے 100 گولیاں اپنے ذاتی سامان میں جبکہ دیگر 350 گولیاں دوسرے نے چھپا رکھی تھیں۔ نشہ آور گولیوں کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈرگس کنٹرول کے حوالے کر کے دونوں بھارتی باشندوں کو مزید کاروائی کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب کویت کے علاقے فنطاس میں ایک 15 سالہ لڑکی نے اپنے اسکول کے ساتھیوں کی طرف سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق
ایمرجنسی آپریشن روم کو ایک عمارت سے گرنے والی ایک نوجوان لڑکی کے بارے میں کال موصول ہوئی۔ سیکیورٹی ٹیم میڈیکل ٹیم کے ساتھ اس مقام پر پہنچی جہاں ایک نوجوان لڑکی کی لاش ملی تھی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ خودکشی کرنے والی جواں سالہ لڑکی کویتی شہریت رکھتی ہے اور اس کی والدہ ایشیائی ہے۔ لڑکی پڑوسی عمارت میں گئی اور 14ویں منزل سے کود کر خودکشی کرلی۔ وہ اپنے اسکول کے ساتھیوں کی باتوں سے تنگ آچکی تھی اور اسے نفسیاتی مسائل ہونے لگے جس کی وجہ سے اس نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ متعلقہ حکام نے خودکشی کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا حکم دے دیا ہے۔